You are currently viewing ایلون مسک کا ٹویٹر کے بعد کوکاکولا کی خریداری کے ارادے کا اظہار

ایلون مسک کا ٹویٹر کے بعد کوکاکولا کی خریداری کے ارادے کا اظہار

واشنگٹن (ڈیسک)ٹیسلاموٹرزکے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے مشروب ساز کمپنی کوکا کولا کوخریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس مشروب میں کوکین کو دوبارہ متعارف کرائیں گے۔

انھوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اب میں کوک میں کوکین کو واپس لانے کے لیے کوکا کولا کو خرید وں گا”۔ کھرب پتی مسک نے یہ ٹویٹ ٹویٹرکی خریداری کے لیے 44 ارب ڈالر کے معاہدے کی تصدیق کے دو دن بعد کیا ہے۔انھوں نے کوکین ٹویٹ کے بعد ایک اور تبصرہ کیا ہے جس میں کہاکہ آئیے ٹویٹرکو زیادہ سے زیادہ تفریح کا ذریعہ بناتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق کوکا کولاکمپنی کی اصل مالیت اس وقت 284 ارب ڈالر ہے جبکہ مسک کی خالص اثاثوں کی مالیت 253 ارب ڈالر تک محدود ہے۔ دریں اثنا برطانیہ کی کوکا کولا ویب سائٹ پرایک باقاعدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس میں کوکین یا کوئی اور نقصان دہ مادہ موجود نہیں اور کوکین کبھی کوکا کولا میں شامل جزو نہیں رہی ہے۔ تاہم امریکا کے قومی ادارہ برائے انسدادمنشیات (نیشنل انسٹی ٹیوٹ آن ڈرگ ابیوز) کی ایک رپورٹ میں اس کے برعکس دعوی کیا گیا ہے جس کے مطابق جب یہ مشروب سنہ1885میں فارماسسٹ جان پیمبرٹن نے ایجاد کیا تو رپورٹ میں کہا گیا تھاکہ نسخے میں کوکا کے پتے کے عرق (ست) کی شکل میں کوکین موجود ہے۔ اس وقت مبینہ طور پر یہ ادویہ میں ایک قبول شدہ اورقانونی جزو تھا۔ اسی رپورٹ کے مطابق درحقیقت کوکا کولا کو ایک ادویاتی قدر اور سر درد، پیٹ کی خرابی اور تھکاوٹ کا علاج کرنے کے لیے مشتہر کیا گیا تھا۔