لاہور (ڈیسک) ایشیا کپ کے پاکستان میں منعقد ہونے کے امکانات روشن ہونے لگے ہیں، افغانستان بورڈ نے میچز پاکستان میں کھیلے جانے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
میڈیا کی رپورٹس کےمطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بعد اب افغانستان اور نیپال کے بورڈز نے بھی ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد پر رضامندی کا اظہار کر دیا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے ای میل کے ذریعے پاکستان میں میچز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
بورڈز نے پاکستان کی جانب سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر بھی اپنے اطمینان کا اظہار کیا ، البتہ کچھ کھلاڑی سخت گرم موسم کے باعث یو اے ای میں میچز کھیلنے کو ترجیح نہیں دے رہے۔
موسم گرماکی شدت نسبتاً کم ہونے کے باعث بیشترکھلاڑی پاکستان میں ہی میچز کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے بھارت کا پاکستان کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر اعتراض کوئی معنی نہیں رکھتا، کیونکہ ہائبرڈ ماڈل میں بھارت کا کوئی بھی میچ پاکستان میں نہیں ہو گا۔
رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا ایشیا کپ کے حوالے سے حتمی اجلاس ایک دو روز میں منعقد ہونے کا امکان ہے ، بھارت کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔