You are currently viewing ایس ایس جی سی کا صنعتوں کیلئے کل سے گیس بندش کا اعلان

ایس ایس جی سی کا صنعتوں کیلئے کل سے گیس بندش کا اعلان

کراچی (ڈیسک) سوئی سدرن گیس کمپنی نے کل (15نومبر) سے صنعتوں کے لیے گیس کی بندش کا اعلان کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق گیس کی بندش کا 15 نومبر سے 28 فروری 2023 تک کی جائے گی جس سے صنعتوں کا پیداواری عمل متاثر ہونے کا امکان ہے۔

کراچی کی کاروباری شخصیات کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس کی لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے کئی تجاویز دی گئی تھیں لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کے پاس لوڈ مینجمنٹ کا انفرا اسٹرکچر نہیں ہے جس کے باعث ان تجاویز پر عمل درآمد کرنا ان کے لیے ممکن نہیں۔ صنعت کاروں کی جانب سے دی گئی تجاویز میں شامل تھا کہ شہر کے پوش علاقوں کو سستی گیس کی سپلائی منقطع کر دی جائے ،مزید یہ کہ شہریوں کو گھروں میں کھانا پکانے کے لیے دن میں اور صنعتوں کو رات میں گیس کی سپلائی فراہم کی جائے جس پر ادارے نے معذرت کا اظہار کر دیا۔

دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں سسٹم ابھی قابو میں ہے، جس کے باعث فوری طور پر لوڈشیڈنگ نہیں کر رہے، البتہ طلب بڑھنے پر دسمبر میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی جا سکتی ہے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے بتایا کہ اب تک گیارہ ہزار کمرشل صارفین کو آر ایل این جی پر منتقل کیا جا چکا ہےجس سے گیس بحران کے دوران نمٹنے میں مدد ملے گی، ہماری ترجیح گھریلو صارفین ہیں۔