مشہد (ڈیسک) اسلامی ملک ایران میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، ایک شخص نے خواتین کے اسکارف نہ لیے جانے پر ان کے سروں پر دہی انڈیل دی۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی مشہد میں ایک اسٹور پر موجود خواتین جو اسکارف پہننے کے قانون پر پوری طرح عمل سے گریزاں تھیں، ایک شخص نے انھیں حجاب لینے کی تاکید کی۔
بحث و مباحثے کے دوران وہ شخص دودھ کی دکان سے دہی کا ڈبہ اٹھا کر ان خواتین کے سروں پر انڈیل دیتا ہے۔
یہ معاملہ دیکھ کر دکاندار اس شخص کو دکھا دے کر دکان سے باہر نکال دیتا ہے، سوشل میڈیا پر ڈالے جانے کے بعد وڈیو وائرل ہو گئی، ایرانی حکام نے واقعے میں ملوث خواتین اور مرد کو گرفتار کر لیا۔
یاد رہے کہ ایران میں خواتین کا سروں پر اسکارف لینا قانون ہے، قانون کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
ایرانی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دہی انڈیلنے والے شخص کو امن عامہ خراب کرنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا جب کہ خواتین کو اسکارف پہننے کے قانون پر عمل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
ایران میں اسکارف سے متعلق سخت قوانین نافذ ہیں جن کے خلاف گزشتہ کئی ماہ قبل سے احتجاج بھی کیا جاتا رہا ہے۔ پولیس حراست میں ایرانی خاتون مہسا امینی کی موت کے بعد ایران بھر میں اسکارف اور حجاب کے خلاف پرتشدد مظاہرے شروع ہو گئے تھے جس پر ہزاروں افراد گرفتار کیے گئے، جب کہ اس دوران کئی ہلاکتیں بھی رونما ہو چکی ہیں۔