You are currently viewing ایئرلائن ملازمین پر تشدد، خورشید شاہ اور شاہ محمود کی مذمت
MI 03

ایئرلائن ملازمین پر تشدد، خورشید شاہ اور شاہ محمود کی مذمت

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پی آئی اے ملازمین کے احتجاج پر حکومتی ردّعمل کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات نے ضیاءالحق کی یاد تازہ کردی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہی ہر چیز کا حل نکلتا ہے، ملازمین کو وقت دیا جائے اور بیٹھ کر بات کی جائے، ساتھ ہی انہوں نے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایئرلائن ملازمین پر تشدد کے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، حکومت نے خفیہ طور پر پی آئی اے ایسوسی ایشن میں پھوٹ ڈالنے کی بھی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قومی ایئرلائن خسارے میں ہے تو اس کی وجوہات سامنے لائی جائیں نہ کہ قومی ادارے کو پرائیویٹائز کردیا جائے۔

شاہ محمود قریشی کا پی آئی اے ملازمین اور صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرکاری ائیرلائن کے ملازمین کی جانب سے نجکاری کےخلاف بھرپور آواز اٹھائی گئی، انہوں نے مزید کہا کہ کل پرویزرشید نے جو کہا آج واقعی ایسا ہی ہوا ہے۔

یاد رہے پی آئی اے ملازمین کا نجکاری کےخلاف پُرامن احتجاج پُرتشدد واقعات تک جاپہنچا ہے، پولیس اور رینجرز کا مظاہرین پر لاٹھی چارج اور پانی کی توپ کا استعمال کیا گیا، بات یہیں ختم نہ ہوئی تو گولیاں چلنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، درجن بھر سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔