You are currently viewing اہلکاروں پر حملے کا الزام، پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین چمن سے گرفتار

اہلکاروں پر حملے کا الزام، پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین چمن سے گرفتار

چمن (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق باب چمن کے قریب معمول کی چیکنگ کرنے والی پولیس، لیویز اور ایف سی نے مسلح افراد کے ہمراہ گاڑی میں سوار منظورپشتین کو روکنے کی کوشش کی جس پر انھوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے منظورپشتین کی گاڑی کے ٹائر کو نشانہ بنا کر انہیں روک لیا۔
انتظامیہ کے مطابق منظور پشتین اور ان کے ہمراہ مسلح افراد گاڑیاں بھگا کر فرار ہوگئے بعدازاں سرچ آپریشن کے بعد ایک گودام سے منظور پشتین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق منظور پشتین کےخلاف حملے کا مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔
دریں اثناء ترجمان پی ٹی ایم کے مطابق منظور پشتین نے آل پارٹیز تاجر محنت کش دھرنے سے آج خطاب کیا،بعدازاں کوئٹہ جاتے ہوئے اہلکاروں نے منظور پشتین کی گاڑی پر چمن پریس کلب کے قریب فائرنگ کردی۔
ترجمان کے مطابق گاڑی پر 8 گولیاں لگی ہیںجبکہ ایک خاتون زخمی بھی ہوئی جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔
ترجمان پی ٹی ایم کے مطابق منظور پشتین ساتھیوں کو لے کر واپس چمن شہر آئے اور خود کو گرفتاری کے لیے پیش کردیا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.