اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے عزم کیا ہے کہ آٹا چینی بحران کے قصوروار کو وہ نہیں چھوڑیں گے چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔
وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ارکان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صبح اٹھ کر موبائل دیکھتا ہوں تو پتا چل جاتا ہے کہ آج کس بحران کا مقابلہ کرنا پڑے گا، اپوزیشن کچھ نہ کرے تو اپنا ہی کوئی وزیر ایسا بیان دے دیتا ہے کہ اسکو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسے بھی وزیر ہیں جو دفتر سے زیادہ اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں بیٹھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مثبت تنقید بالکل ہونی چاہیے لیکن حکومت پر حملہ کرنے سے پہلے تصدیق کرلیں کہ خبر سچی ہے یا جھوٹی، حکومت کے خلاف جان بوجھ کر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، اکثر ہمارے اپنے لوگ ہی میڈیا کی جھوٹی خبر اور پراپیگنڈے میں آجاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر وقت بحران کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتا ہوں، آٹا چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ سامنے لائی جائے گی، جو بھی اس میں قصور وار نکلا اسکو میں نہیں چھوڑوں گا چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مایوسی کفر ہے اچھا وقت جلد آئے گا۔