لاہور (ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف نے قومی مکالمے کی بات تو کی ہے لیکن وہ بتائیں کیا اپوزیشن اس میں اپنے مفادات اور ذات کو تو نہیں لائے گی اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے غیر مشروط پیشرفت کرےگی،عوام صرف حکومت کی کارکردگی پر ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کے کردار پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقت آنے پر اپنے ووٹ سے محاسبہ کریں گے۔
پارٹی کے سینئر رہنماں سے مشاورتی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے تو اپوزیشن کو کورونا کی دوسری لہر کو روکنے میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دینا چاہیے لیکن یہاںاقتدار سے دوری اضطراب میں بدل چکی ہے اوریہاں تک کہہ دیا گیا ہے کہ ملک میں کورونا نام کی کوئی چیز نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ قائد حزب اختلاف قومی مکالمے کی بات سے پہلے اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں اور خصوصااپنے بھائی اور بھتیجی سے پوچھ لیں کیا وہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اپنے مفادات اور ذات کو پس پشت ڈالنے کےلئے تیار ہیں، انہیں اس کا واضح جواب مل جائے گا۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے قومی معاملات پر بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ اسے غیر مشروط ہونا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نے مشکل حالات میں اپنے عزم سے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے اور ملک کی کشتی کو منجدھار سے نکال کر کنارے لگایا ہے اور انشا اللہ اب ہم بہتری کی طرف تیزی سے پیشرفت کر رہے ہیں۔