You are currently viewing اٹھائیس مئی، آج پاکستان بھر میں یوم تکبیر تزک و احتشام سے منایا جا رہا ہے

اٹھائیس مئی، آج پاکستان بھر میں یوم تکبیر تزک و احتشام سے منایا جا رہا ہے

کراچی (ڈیسک) پورے پاکستان میں قوم آج یوم تکبیر تزک و احتشام سے منا رہی ہے۔
آج ہی کے دن 28مئی 1998کو پاکستان دنیا کی ساتویں جب کہ اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنا، یہ دن پوری قوم اور امت مسلمہ کے لیے شکر اور فخر کا دن ہے جس کے باعث پاکستان اس قابل ہوا کہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برقرر رہ سکے، یہ دن ان قوتوں کے لیے واضح پیغام تھا کہ اب طاقت کے بل بوتے پر کمزور ملک کا استحصال نہیں کیا جا سکے گا۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو نے ہمسایہ ملک کی ہرزہ سرائیوں اور زیادتیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو ایک نعرہ دیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ہم اپنے ملک کو ایٹمی قوت بنائیں گے۔
پاکستان نے مختلف ادوار میں اپنی کوششیں اس ضمن میں جاری رکھیں اور بالآخر وہ لمحہ آ ہی گیا جس کا انتظار تھا، 28مئی کے دن بلوچستان کے علاقے چاغی کے پہاڑوں کی عمیق گہرائیوں میں ایٹمی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا جس نے پاکستان کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت میں تبدیل کر دیا۔
آج کے دن کے حوالے سے ملک میں بھر میں تقریبات اور یادگاری پروگرام کیے جائیں گے، پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے لاہور کے لبرٹی چوک میں آج شام تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں 28مئی کے دھماکوں کی یاد تازہ کی جائے گی، تقریب میں رنگا رنگ پروگرام اور آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.