روم (ڈیسک) اٹلی میں کشتی کے غرقاب ہونے کے بعد روم میں پاکستان کے سفارت خانے نے ہیلپ لائن قائم کردی۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ورثا معلومات کے لیے واٹس ایپ نمبر 393898716588+ پر رابطہ کرسکتے ہیں۔پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اٹلی میں کلابریا کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی پر مبینہ طور پر 40 پاکستانی سوار تھے جن میں 28 کی لاشیں مل چکیں جبکہ 12 تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ کے شہر ازمیر سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان، افغانستان اور صومالیہ سے تعلق رکھنے والے 58 غیر قانونی مہاجرین ہلاک ہوئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق کشتی کا ملبہ آج اٹلی میں کلابریا کے ساحل پر پہنچا۔حکام نے بتایا کہ کئی افراد کی لاشیں بھی تیرتے ہوئے ساحل پر پہنچیں، کشتی میں 120 سے زائد افراد سوار تھے، حکام کے مطابق 22 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ دیگرکی تلاش کے لیے سمندر میں آپریشن جاری ہے۔