اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری کے لیے بات آگے بڑھ رہی ہے، جلد منظوری ہوجائے گی۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض منظوری کے لیے ابھی حتمی تاریخ نہیں دی جا سکتی، تاہم رواں ماہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری ہو جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بیرونی فنانسنگ پر بات چیت بھی جلد فائنل ہوجائے گی۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر ادھار تیل کی سہولت پر بات کر رہے ہیں جبکہ سعودیہ کے ساتھ باہمی معاہدوں کے تحت پراجیکٹس اور سرمایہ کاری پر بھی بات ہو رہی ہے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کے علاوہ بھی کمرشل اداروں سے لینڈنگ پر بات چیت کر رہے ہیں۔