You are currently viewing او آئی سی وزرا اطلاعات کانفرنس کا اجلاس کل ترکی میں ہوگا، مریم اورنگزیب پاکستان کی نمائندگی کریں گی

او آئی سی وزرا اطلاعات کانفرنس کا اجلاس کل ترکی میں ہوگا، مریم اورنگزیب پاکستان کی نمائندگی کریں گی

اسلام آباد (ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا اطلاعات کانفرنس کا 12 واں اجلاس 21 اور 22 اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول میں ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔دو روزہ کانفرنس کا موضوع ”سچ کے دور کے بعد غلط معلومات اور اسلاموفوبیا سے نمٹنا“ ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسن ابراہیم طحٰہ خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں اطلاعات کے مختلف شعبوں میں او آئی سی کے کردار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ او آئی سی کی وزرا اطلاعات کانفرنس میں خاص طور پر فلسطین اور القدس شریف کے مسائل کے حوالے سے میڈیا کو متحرک کرنے سمیت افریقی او آئی سی رکن ممالک کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔ او آئی سی وزرا اطلاعات کانفرنس میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے میں او آئی سی کے کردار، اسلام کی درست تصویر پیش کرنے اور میڈیا کے حلقوں میں انتہا پسندی اور دہشت گردی سے بچنے کے حوالے سے امور پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مسلم دنیا میں میڈیا کی مہارت اور تربیت کے فروغ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔