You are currently viewing اوپن مارکیٹ میں آٹا 95 روپے فی کلو دستیاب ہوگا، شرجیل میمن

اوپن مارکیٹ میں آٹا 95 روپے فی کلو دستیاب ہوگا، شرجیل میمن

کراچی (ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے اقدامات کے بعد اوپن مارکیٹ میں آٹا 95 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔
کراچی میں مکیش کمار چاؤلہ اور چوہدری یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں غریبوں کو 65 روپے کلو میں آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، ہم گندم مہنگی خرید کر عوام کو سستا آٹا فراہم کر رہے ہیں، آٹے کا بحران پورے ملک میں ہے، اوپن مارکیٹ میں مہنگے آٹے کو سستا کرنے کے لیے وزیر خوراک کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز 6 لاکھ آٹے کی بوریاں 65 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہیں، فلور ملز کے لیے گندم کا کوٹا بڑھا دیا گیا ہے، سندھ حکومت کے اقدامات کے بعد اوپن مارکیٹ میں آٹا 95 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ حکومت گندم کا ذخیرہ اس لیے کرتی ہے کہ گندم کی کمی کو پورا کیا جاسکے، گندم کو اسمگل ہونے سے بچایا جاتا ہے اگر حکومت گندم ذخیرہ نہ کرتی تو گندم اور آٹے کا بحران مزید سنگین ہوسکتا تھا، غیرقانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں گندم کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں، صورتحال کے مطابق پابندی لگائی جاسکتی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر مکیش کمارچاولہ نے کہا کہ فلور ملز کے لیے گندم کا کوٹا بڑھایا گیا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے 65 روپے فی کلو والے آٹے کی فراہمی بھی جاری رہے گی۔چوہدری یوسف کا کہنا ہے کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ آٹا سستا ملے اور غریبوں کو لائن میں نہ لگنا پڑے، صورتحال بہتر ہونے میں 2 سے 3 روز لگیں گے مگر اب آٹا 95 روپے کلو ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں صورت حال بہت خراب ہے اور آٹا مہنگا ہے، سندھ میں آٹا پورے ملک کے مقابلے میں سستا تھا۔