اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارشد ندیم کو جیت پر مبارکباد دینے کے ساتھ کھیلوں کی ایسوسی ایشنز پر بھی برس پڑے۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جتنی سیاست اولمپکس، ہاکی اور فٹبال میں ہے اتنی تو ہم سیاستدان نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر بلند کیا ہے اور 3 دہائیوں کے بعد پاکستان کو گولڈ ملا، جس طرح بے سرو سامانی میں ہمارے ہیروز جدوجہد کرتے ہیں وہ ہم سب کو معلوم ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اولمپکس کے چیئرمین بوڑھے ہوگئے مگر جان نہیں چھوڑتے، ہمارے یہاں اولمپکس کے ادارے میں جو یہاں بیٹھ جاتا ہے وہ بیٹھ ہی جاتا ہے۔
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران ہی ایوان میں آواز آئی کہ وہ جان چھوڑ گئے، اس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چلیں مبارک ہو انہیں بھی میڈل دے دیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے سوا کسی کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، ہاکی کی یہ حالت ہے کہ کہیں ایک دوسرے کو ہی ہاکیاں نہ مارنے لگ جائیں، فٹ بال کی صورتحال بھی ایسی ہی ہے، وہاں سے پیسے آتے ہیں یہاں ہڑپ ہوجاتے ہیں، فٹبال کا اسٹیڈیم بنایا تھا وہ سیلاب میں بہہ گیا۔