لندن (ڈیسک)انگلینڈ کی خواتین ٹیم پہلی مرتبہ یورپیئن فٹ بال چیمپئن بن گئی۔
انگلینڈ ویمن نے یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد 8 مرتبہ کی چیمپئن جرمنی کو اضافی وقت میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہر اکر پہلی مرتبہ یورپیئن چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ایلا ٹون اور چلو کیلی نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جرمنی کی طرف سے واحد گول لینا میگل نے سکور کیا۔ انگلینڈ کے دارالحکومت لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں کھیلے گئے یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ اور جرمنی کی خواتین ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان دفاعی کھیل کے باعث میچ کے پہلے ہاف تک کوئی ٹیم گول سکور نہ کر سکی اور ہاف پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں قدرے بہترکھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کی ایلاٹون نے میچ کے 62 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو جرمنی کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی۔ پہلے گول کے17 منٹ بعد جرمنی کی لینا میگل نے 79 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو میچ کے مقررہ وقت تک برقرار رہا، یوں میچ کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے اضافی وقت دیا گیا جس میں انگلینڈ کی چلو کیلی نے 110 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو نہ صرف جرمنی کے خلاف 1-2 سے فتح دلا دی بلکہ انگلینڈ کی ویمن ٹیم کو پہلی مرتبہ یورپیئن چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی دلوا دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کے دوران ویمبلیسٹیڈیم میں 88,000 کے قریب تماشائی موجود تھے۔ جرمنی کی ٹیم اس سے قبل آٹھ بار یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ جیت چکی ہے۔