You are currently viewing انڈونیشیا کا خراب طیارہ 50 روز سے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موجود

انڈونیشیا کا خراب طیارہ 50 روز سے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موجود

کراچی (نیوز ڈیسک) انڈونیشیا کی سرکاری ایئر لائن کا اے ٹی آر طیارہ فنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ پر 50 روز سے کھڑا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گرودا انڈونیشیا انٹرنیشنل ائیر لائن کا اے ٹی آر 600-72 طیارہ 26 جولائی کو سری لنکا کے متلا راجا پاکسا ائیرپورٹ ہمبنٹوٹا سے کراچی پہنچا تھا۔
رجسٹریشن PK-GAD کےحامل طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر ری فیولنگ کے بعد متحدہ عرب امارات جانا تھا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ٹیک آف سے قبل طیارے کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔
انجن مرمت کے بعد طیارے نے 19 اگست کو صبح 10 بجکر 25 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ سے ٹیسٹ فلائٹ کی مگر نقص کے باعث 21 منٹ کی ٹیسٹ پرواز کے بعد طیارہ واپس کراچی اتر گیا تھا۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق طیارے کی مرمت پاکستانی انجینئرز کے ذمے عائد کردی گئی تھی تاہم مالی بحران کے باعث پاکستانی انجینئر طیارے کی تاحال مرمت نہ کرسکے۔
یاد رہے کہ عملے کے ارکان 9 سال پرانا طیارہ کراچی میں چھوڑ کر انڈونیشیا روانہ ہوگئے تھے۔
مذکورہ طیارہ 50 روز سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موجود ہے۔