دبئی (نیوز ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا کرکٹ کی رکنیت معطل کردی۔
آئی سی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فوری طور پر سری لنکا کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق سری لنکا کرکٹ کو حکومتی مداخلت کی بنا پر معطل کیا گیا ہے۔
ترجمان آئی سی سی کے مطابق بورڈ اجلاس میں اتفاق ہوا کہ سری لنکا کرکٹ کے معاملات آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق معطلی اور اس کے خاتمے کی شرائط و ضوابط جلد طے کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سری لنکا کے وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے کرکٹ بورڈ کو فارغ کر دیا تھا۔
بعد ازاں 1996 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو عبوری چیئرمین مقرر کرتے ہوئے ذمے داری سونپ دی گئی تھی۔
سابق صدرکرکٹ بورڈ شمی سلوا نے وزرات کھیل کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ۔
اپیل کورٹ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو فارغ کرنے کے بعد عبوری کمیٹی کےقیام پر عملدرآمد روک دیا ۔