کراچی (نیوز ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں ملزم منہاج قاضی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 6 نے شاہد حامد قتل کیس میں ملزم منہاج قاضی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے مقدمے کے اہم ملزم منہاج قاضی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مقدمے کے آخری گواہ کا بیان ریکارڈ ہوا ہے اور اس پر جرح جاری ہے۔ اس صورتحال میں ملزم کی ضمانت منظور نہیں کی جا سکتی۔
وکیل صفائی مشتاق احمد ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملزم کئی سال سے جیل میں ہے ضمانت اس کا حق ہے۔ مقدمے کے تفتیشی افسر سرور کمانڈو کا بیان 2024 میں ریکارڈ ہوا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق ملزم کو ضمانت کا حق ہے۔ استغاثہ کے مطابق منہاج قاضی کو 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
عدالت نے کہا کہ جن فیصلوں کا آپ حوالہ دے رہے ہیں وہ موجودہ صورتحال میں لاگو نہیں ہوتے۔
واضح رہے کہ ملزم کو مقدمہ مدعیہ شہناز حامد اور گواہ عمر شاہد حامد نے شناخت کیا تھا۔
یاد رہے کہ شاہد حامد کو 1997 میں قتل کر دیا گیا تھا، منہاج قاضی پر 2018 میں فرد جرم عائد ہوئی۔ مقدمے کے مرکزی ملزم صولت مرزا کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔