You are currently viewing انتخابات ہوئے تو مہنگائی کی وجہ سے پارٹی کا صفایا ہو جائے گا، لیگی ارکان

انتخابات ہوئے تو مہنگائی کی وجہ سے پارٹی کا صفایا ہو جائے گا، لیگی ارکان

لاہور (ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے سابق ارکان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے گزشتہ دنوں ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں رانا مشہود، راحیلہ خادم ، عابر رضا ، رائو اجمل و دیگر شامل تھے، ن لیگی اراکین نے ملک میں جاری مہنگائی کی حالیہ لہر سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔
اراکین نے بتایا کہ عوام روز بروز بڑھتی مہنگائی ، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے، آٹے، تیل، دالیں، چینی، پٹرول اور گیس کے بل اور دیگر روز مرہ استعمال کی چیزوں کی گرانی سے سخت نالاں ہیں۔
اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ غریب اور دیہاڑی دار لوگوں کی حالت بہت خراب ہو چکی ہے، لوگ معاشی پریشانیوں کے باعث خود کشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔
اراکین نے بتایا کہ اگر ایسے میں انتخابات کا انعقاد ہوتا ہے تو ملک سے پارٹی کا صفایا ہو جائے گا۔ موجودہ دور حکومت میں مہنگائی کے ہوش ربا اعشاریے عوام کو پارٹی سے دور کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ہم سابق حکومت کی غلطیوں کی سزا بھگت رہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط انتہائی تکلیف دہ ہیں جس کا ہمیں احساس ہے لیکن اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ بوجھ عوام پر منتقل کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے اور انھیں فوری طور پر کچھ ریلیف مہیا کیا جائے۔ وزیر اعظم نے پارٹی رہنمائوں سے کہا کہ آپ عوام میں جا کر مہنگائی کی اصل وجوہات سے انھیں آگاہ کریں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.