You are currently viewing امید ہے کراچی کا  اگلا میئر بھی جیالا ہی ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

امید ہے کراچی کا اگلا میئر بھی جیالا ہی ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے اپنا مئیرمنتخب کرانا اور شہر کے مسائل حل کرنا ہمارا حق ہے۔نشتر پارک میں پی پی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کراچی کی پیپلز پارٹی نے دل جیت لیا ہے، یہاں عوام کا جوش دیکھ کر امید ہے کہ اگلا میئر بھی جیالا ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت کی نہیں امید کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم نے ایک دو نہیں، تین آمروں کو بھگایا ہے۔پی پی کے شریک چیئرمین نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے فیصلہ کیا تھا کہ اس سال یوم تاسیس اضلاع میں منائیں گے، آج نشتر پارک کراچی کے شہریوں سے بھرا ہوا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ہر طبقے کو معاشی انصاف دلایا ہے، پیپلز پارٹی نفرت اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے، ہم تو امید اور یکجہتی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جنگ ہارنے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو نے ملک سنبھالا تھا، ہاری ہوئی قوم کو امید دلائی اور اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 90 ہزار جنگی قیدی واپس لے کر آئے، 5 ہزار مربع کلومیٹر زمین شہید بھٹو کامیاب خارجہ پالیسی سے واپس لائے، آج اسی 5 ہزار مربع میٹر زمین سے کالا سونا کوئلہ نکل رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں قائد عوام شہید بھٹو جیسی قیادت چاہیے جو شہادت تو قبول کرے یوٹرن کو قبول نہ کرے۔ اس ملک کا سب سے بڑا سیاسی قیدی آصف زرداری رہا ہے۔ اپنی 30 سالہ سیاست میں بی بی نے والد، بھائیوں کی شہادت قبول کی حتٰی کہ خود بھی شہید ہوگئیں لیکن کبھی نفرت کی سیاست نہیں کی۔ آج کل لوگ انگلی کٹوا کر شہادت کا رتبہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔اس ملک میں اگر سیاست کرنا ہے تو بی بی کی سیاست کرنا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ شہید چاہتی تو پہلے دھماکہ کے بعد گھر میں رہ کر ویڈیو پر خطاب کرسکتی تھی لیکن وہ بہادر بیٹی تھی، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی تھی۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہم آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی ناک کے نیچے بلدیاتی انتخابات جیت چکے ہیں، اس میدان میں بیٹھا ہوا ایک جیالا اس شہر کا مئیر منتخب ہوگا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.