You are currently viewing امریکی صدر سے پاکستانی وزیراعظم کی ملاقات،مسئلہ کشمیراورجنوبی ایشیامیں امن وسلامتی پرگفتگو

امریکی صدر سے پاکستانی وزیراعظم کی ملاقات،مسئلہ کشمیراورجنوبی ایشیامیں امن وسلامتی پرگفتگو

نیویارک (ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان   نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر اور جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی پر بات چیت کی گئی۔

نیویارک میں امریکی صدر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم سے پردہ اٹھایا اور ڈونلڈ ٹرمپ سے مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے کردار ادا کرنے  کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بطورسپرپاور امریکا دیرینہ مسئلے کے حل میں اہم کردارادا کرسکتا ہے، ٹرمپ بڑے ملک کے صدر ہونےکی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالیں کیوں کہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے جسے ختم کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے صدرٹرمپ سے مقبوضہ کشمیر میں نافذ بدترین پابندیوں کے خاتمے کیلئے مودی سرکار پردباؤ ڈالنے پر بھی زور دیا ہے۔

اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھرمسئلہ کشمیر پرثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے تنازعات کے حل کیلئے عمران خان کا کرداراہمیت کا حامل ہے، عمران خان اور نریندر مودی سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان اور بھارت چاہیں تو کشمیر پر ثالثی کو تیار ہوں، امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیر کے مسئلہ کو بات چیت سے حل کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عمران خان خطے کی ترقی اور امن کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، عمران خان بہترین وزیراعظم اور اچھے دوست ہیں، مجھے ان کی قیادت پر بھروسہ ہے، پاکستان کے پاس ایک عظیم رہنما ہے جو اچھا کھلاڑی بھی تھا، بہت سے ممالک کی قیادت مجھ سے ملنا چاہتی تھی لیکن عمران خان کا انتخاب کیا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.