تہران (ڈیسک)ایران کے صدر حسن روحانی کا کہناہے کہ امریکا ایران سے معافی مانگے اور اقتصادی پابندیاں ہٹائے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا سے مذاکرات کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے اور معافی مانگنے سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہیئے، ایران اپنی سالمیت پر سودے بازی نہیں کرے گا۔
ایرانی صدر حسن نے مزید کہا کہ جس طرح ہم امن کے خواہاں ہیں اور مذاکرات کے لیے تیار ہیں اسی طرح ہم اپنا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت اور جنگ کی طاقت رکھتے ہیں۔ امریکا کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔
دوسری جانب ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی پالیسیوں کو دنیا کو یرغمال بنانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پابندیوں پر سخت جواب دیئے بغیر امریکا ان اقدامات سے باز نہیں آئے گا۔ ایران اپنی ضرورت کے تحت تیل کی فروخت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران سے تیل خریدنے والے ممالک کو حاصل اقتصادی پابندیوں پر حاصل استثنیٰ کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی تیل برآمد کرنے والے ممالک بھی پابندیوں کی زد میں آئیں گے۔