You are currently viewing امریکا طالبان امن معاہدے کےلیے پاکستان نے جو کرنا تھا کر لیا اب  افغان کا کام ہے ، وزیر خارجہ

امریکا طالبان امن معاہدے کےلیے پاکستان نے جو کرنا تھا کر لیا اب افغان کا کام ہے ، وزیر خارجہ

اسلام آباد(ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ امن معاہدے کے لیے پاکستان نے جو کردار ادا کرنا تھا کردیا اور  اب اگلا قدم اٹھانا افغانوں کا کام ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے  کہنا تھا کہ معاہدے کے بعد سب کا خیال تھا راستہ آسان نہیں دشواریاں آئیں گی لیکن امن کے راستے میں آنے والی دشواریوں کا حل نکالنا ہوگا، اس وقت افغان قیادت پر آزمائش ہے،  دیکھتے ہیں وہ کیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن معاہدے کے لیے پاکستان نے جو کردار ادا کرنا تھا کردیا، اب اگلا قدم اٹھانا افغانوں کا کام ہے، اگلا قدم انٹرا افغان مذاکرات ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ قیدیوں کا تبادلہ امن معاہدے میں موجود ہے، رہائی یکطرفہ نہیں ہوگی، دونوں طرف سے قیدی رہا ہوں گے، افغان قیادت کو لچک دکھانی پڑے گی کیونکہ ہٹ دھرمی سے بات آگے نہیں بڑھے گی۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ صرف معاہدہ کافی نہیں ہے، رویے بھی درست کرنے پڑتے ہیں، ماحول خراب کرنے والے ہمیشہ تھے اور رہیں گے، سیاسی قیادت کا کام ہے کہ ماحول خراب کرنے والوں کو ناکام بنائیں۔

خیال رہے کہ 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سالہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.