You are currently viewing الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے، وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں، بلاول بھٹو

الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے، وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں، بلاول بھٹو

کراچی (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کو کئی مہینے ہوگئے، پانچویں بار جیتے ہیں لیکن وزرا اور ارکان اسمبلی میں سستی نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سے وزرا اور ارکان اسمبلی کام کرتے نظر آنے چاہئیں، کھلی کچہریاں لگائیں، صرف من پسند لوگوں سے نہیں، عوام سے رائے لیں۔
کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز سے عوام کو دلچسپی نہیں، وہ اپنے کیسز کا عدالتوں میں قانونی طور پر سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء محنت کریں تاکہ ان کا کام نظر آئے، اب ہمیں ٹرانسفر پوسٹنگ کی سیاست ختم کرنی ہوگی، ہر جگہ اچھے آفیسرز لگائیں تاکہ ہماری کارکردگی اور ڈیلیوری بہتر ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ افسروں کی کارکردگی حکومت کی بدنامی کا سبب بنے تو ایم پی ایز ایکشن لیں، وزیراعلیٰ چیک کریں کہ وزراء وقت پر دفتر آرہے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو اپنا 5 سالہ پلان سے آگاہ کردیا ہے، سولر بجلی کی فراہمی ہمارے پلان کا سب سے اہم حصہ ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے یہ بھی کہا کہ ہم محدود وسائل سے کیسے ڈلیور کریں یہ سوچنا ہوگا، مجھے اپنے منتخب نمائندوں میں سستی نظر آرہی ہے، میں یہاں سستی ختم کرنے آیا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے، وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں، امید ہے بجٹ سے پہلے مسائل حل ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ کا منصوبہ جاری ہے، وفاقی حکومت سے فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہاؤسنگ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.