کراچی (ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں ایک ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے درخواستیں دائر کی تھیں کہ سندھ میں جلد بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے جائیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ ایک ماہ کے اندر اندر کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کرے۔ دوسری جانب سندھ حکومت کو حکم دیا ہے کہ انتخابات کے لیے مطلوبہ نفری الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے۔
اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے بھی جلد بلدیاتی انتخابات پر تحفظات کا اظہا رکیا گیا تھا جس میں ایم کیو ایم کا موقف تھا کہ حلقہ بندیوں ، ووٹر لسٹوں کی درستی اور بغیر قانون سازی انتخابات بے معنی ہوں گے۔ سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 14 نومبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا ہے۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن بھی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر چکا ہے جو 22 نومبر کو سنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقا دکے لیے تین بار تاریخیں دی گئی لیکن تینوں بار مختلف وجوہات کی بنا پر الیکشن ملتوی کر دیے گئے۔