لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کا مقدمہ کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ ہائی کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ کیس کی تاریخ 17 جنوری تھی جس کو رولز کے خلاف آج مقرر کر کے فیصلہ دیا گیا۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن کمیشن کے ان بونے ممبران کا ایک اور جانبدار فیصلہ ہےجس کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کا مقدمہ کریں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور میرے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنا الیکشن کروانے کا کام کرنے کے بجائے ان کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخاب نہ کروا کر الیکشن کمیشن خود توہین عدالت کا مرتکب ہوا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔