You are currently viewing اقتدار جاتا دیکھ کر عمران خان نے پاکستان پر حملہ کیا، نواز شریف

اقتدار جاتا دیکھ کر عمران خان نے پاکستان پر حملہ کیا، نواز شریف

بہاولنگر (نیوز ڈیسک) قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے سائفر کیس میں عمران خان کی سزا پر ردعمل میں کہا کہ اس شخص نے جیسے ہی اقتدار جاتا دیکھا پاکستان پر حملہ کیا، نتیجہ آج عدالت میں آیا ہے، میں سمجھتا ہوں یہ افسوسناک کردار رہا ہے۔
ہارون آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ تبدیلی نے پاکستان کا کیا حشر کیا کہ 25 روپے کی ایک روٹی ملتی ہے، نوازشریف دور میں 25 روپے میں پانچ روٹیاں ملتی تھیں، نوازشریف کے دور میں گیس اور بجلی سستی تھی، تبدیلی نے عوام کے ساتھ یہ سلوک کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ ختم کی، سستی بجلی لے کر آیا، میرے دور میں جس کا بل ایک ہزار آتا تھا، آج 20 ہزار آتا ہے، نوازشریف کے دور میں چینی 35 روپے کلو تھی، آج 150 روپے کلو ہے، پیٹرول ہمارے دور میں 60روپے لیٹر تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا، ایک بار نہیں، مجھے تین تین بار وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا، ہمیں جیلوں میں بھیجا گیا اور تماشہ بنا دیا گیا، ایسے نقصان ہوئے کوئی تلافی نہیں ہوئی، والدہ کو قبر میں نہیں اتار سکا، کلثوم فوت ہوتی ہے جیل میں اطلاع ملتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ظلم سہنے کے باوجود قومی راز فاش نہیں کیا خود پر برداشت کیا لیکن میں نے پاکستان پر زخم نہیں لگنے دیا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس شخص نے جیسے ہی اقتدار جاتا دیکھا پاکستان پر حملہ کیا اور نتیجہ آج عدالت میں آیا ہے، میں سمجھتا ہوں یہ افسوسناک کردار رہا ہے، ایسی گھناؤنی ساز ش کی کہ قومی سلامتی کو بھی داؤ پر لگا دیا۔
انھوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی نے کہا ہے عمران خان کا دور سب سے کرپٹ ترین دور تھا، آؤ ثاقب نثار بتاؤ تم نے اس کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا تھا، ان جج نے دیا تھا جو استعفے دے کر گھر چلے گئے آپ نے کیسے دے دیا؟ یہ آپ نے ظلم کیا، ان کے دور میں کرپشن انڈیکس پھر اوپر چلا گیا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.