You are currently viewing اسپیکر قومی اسمبلی کا  آئین کی گولڈن جوبلی شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

اسپیکر قومی اسمبلی کا آئین کی گولڈن جوبلی شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

اسلام آباد (ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر مہینہ بھر شاندار تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے سینیٹر رضا میاں رضا ربانی کی سربراہی میں 14 رکنی ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو تقریبات کے حوالے سے انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ اسپیکر نے کہا ہے کہ ان تقریبات کے انعقاد کا مقصد ملک میں بسنے والے لوگوں کو آئین کی اہمیت سے روشناس کرانا، پاکستان کو ایک جامع دستور دینے والی باکمال دستور ساز اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرنا اور اداروں کے درمیان آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کی افادیت کو اجاگر کرنا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ طے ہوا ہے کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کے موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ یادگار کا افتتاح کیا جائے گا۔ اسکولوں اور کالجوں میں آئین پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے تقریری مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے گا۔ ایک بین الاقوامی آئینی کنونشن منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے بننے والی ایڈوائزری کمیٹی میں سینیٹر میاں رضا ربانی کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر کامران مرتضی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ممبران قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ، امیر حیدر اعظم خان، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، وجیہہ قمر، انجینئر صابر حسین قائم خانی، خالد حسین مگسی شامل ہوں گے علاوہ ازیں سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر اور پارلیمانی امور کے ماہر محمد ظفر اللہ خان بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7