You are currently viewing اسمارٹ فون رکھنا خواب نہیں رہے گا، حکومت کا قسطوں پر دینے کا پروگرام

اسمارٹ فون رکھنا خواب نہیں رہے گا، حکومت کا قسطوں پر دینے کا پروگرام

اسلام آباد (ڈیسک) حکومت پاکستان نے شہریوں کو اسمارٹ فونز قسطوں پر دینے کا پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پروگرام کے تحت شہریوں کو ایک لاکھ روپے تک کے اسمارٹ فونز آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں اسمارٹ فون فار آل کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ہر فرد 20 سے 30 فیصد ادائیگی پر کوئی بھی موبائل فون حاصل کرسکے گا۔ اسمارٹ فونز کے اقساط پر حصول کے لیے کسی ضمانت یا کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی، صرف شناختی کارڈ پرموبائل فون کا حصول ممکن ہوگا۔ اسکیم کے تحت 10 ہزار سے ایک لاکھ روپےمالیت کے اسمارٹ فونز 3 سے 12 ماہ کی اقساط میں دیے جائیں گے۔ اگر کسی فرد کی جانب سے اقساط کی ادائیگی نہیں کی گئی تو فون لاک کردیا جائے گا جس کے بعد وہ دنیا میں کہیں استعمال نہیں ہوسکے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسکیم کا مقصد عام آدمی تک اسمارٹ فون پہنچانا اور چھوٹے کاروباری افراد کو ای کامرس کی جانب لانا ہے، تاہم انہوں نے پروگرام کے آغاز کی تاریخ پر کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے بتایا کہ کنکٹیویٹی سہولیات کے لیے 65 ارب روپے سے 70 سے زائد پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔