You are currently viewing اسلام آباد،مختلف علاقوں میں گیس میٹر چوری کی وارداتوں میں اضافہ

اسلام آباد،مختلف علاقوں میں گیس میٹر چوری کی وارداتوں میں اضافہ

اسلام آباد (ڈیسک)وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گیس میٹر چوری کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے، جی سکس سمیت اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں میٹر چوری ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں

جبکہ متاثرین نے پولیس اور ایس این جی پی ایل کے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ گیس میٹر چوری کرنے والے گروہ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس میٹر چوری کرنے کی وارداتوں میں ایک دم اضافہ ہو گیا، گیس میٹر چوری کرنے والا گروہ جی سکس اور مختلف سیکٹروں میں سرگرم ہے، رات کے وقت اور سحری کے بعد میٹر چوری کرنے والے سرکاری رہائش گاہوں کے باہر لگے میٹر اتار کر لے جاتے ہیں۔جی سکس کے ایک رہائشی نے بتایا کہ سحری کے لئے اٹھے تو گیس نہیں آرہی تھی،جب باہر جاکر چیک کیا تو چورمیٹر ہی اتار کر لے گئے تھے۔ پی ڈبلیو ڈی کالونی کے ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران ان کے علاقے میں بھی بڑے پیمانے پر اس طرح کی وارداتیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے لوگ اپنے گیس میٹروں کو بچانے کے لئے لوہے کے جنگلے لگوا رہے ہیں۔ کیونکہ گیس میٹر چوری ہونے کی صورت میں ایس این جی پی ایل کے دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں اور سفارشیں کرانے کے بعد ہی محکمہ نیا میٹر جاری کرتا ہے اور یہ بہانہ بنایا جاتا ہے کہ محکمے کے پاس میٹر نہیں ہیں جب اس ضمن میں پولیس سے رابطہ کیا گیا تو تھانہ آبپارہ کے اے ایس آئی محبوب نے بتایا کہ گیس میٹر چوری ہونے کی کئی شکایات موصول ہوئی ہیں تاہم ابھی تک چور پکڑے نہیں جاسکے۔ایس این جی پی ایل کے عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ محکمے کی بعض کالی بھیڑیں ہی اس طرح کی وارداتوں میں ملوث ہوتی ہیں۔گیس میٹر آسانی سے مارکیٹ میں نہیں بیچے جاسکتے کیونکہ یہ ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ ٹمپرنگ کے بعد یہ میٹر مختلف جگہوں پر دوبارہ نصب کئے جاتے ہیں،محکمہ چوروں کا سراغ نہیں لگا سکتا۔ اس سلسلے میں پولیس ہی کارروائی کر سکتی ہے۔شہریوں نے پولیس اور ایس این جی پی ایل کے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ گیس میٹر چوری کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔