اسلام آباد (ڈیسک)احتساب عدالت نے نیب کی جانب سابق وزیر داخلہ اسحا ق ڈارکے خلاف دائر ضمنی ریفرنس کو سماعت کے لئے منظور کر تے ہو ئے تمام ملزمان کو 28 جولائی کو طلب کر لیا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی۔
نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جبکہ ضمنی ریفرنس اور اس سے متعلقہ دستاویزات احتساب عدالت پہنچائی گئیں۔
قومی احتساب بیورو(نیب) کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق اور تفتیشی افسر نے ریفرنس رجسٹرار آفس میں جمع کراویا۔
نیب کی جانب سے مزید شواہد اور گواہوں کو ضمنی ریفرنس کا حصہ بنایا گیا ہے، ضمنی ریفرنس تفتیشی افسرنادر عباس نے تیار کیا۔
نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت کوبتایا کہ نیب نے 7 والیمز پرمشتمل ضمنی ریفرنس دائرکیا ہے جس میں 3 نئے ملزمان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
عمران شفیق نے احتساب عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے اکاؤنٹس میں 4.06 ملین ڈالرز کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔
بعدازاں عدالت نے نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 28 فروری کو طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ 23 فروری کو نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاناما فیصلے کی روشنی میں نیب نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔