You are currently viewing استحکام و خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں، افغان وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات

استحکام و خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں، افغان وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات

راولپنڈی (ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ خطے میںاستحکام اور خوش حالی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آرمی ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سرحدی معاملات، علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکیورٹی صورت حال بہتر بنانے کے لیے حکمت عملہ پر بھی بات چیت ہوئی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ موجودہ ماحول میں دہشت گردی اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کا تعاون ناگزیر ہے، برادر اسلامی ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے افغانستان کے لیے پاکستان کی روایتی حمایت اور بھائی چارے کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے افغانستان میں پاکستان کے تجارتی تعاون اور دیگر معاملات میں سہولت کاری کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف اور قائم مقام افغان وزیرِ خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا، سربراہ پاک فوج نے مستحکم، پُر امن اور خوش حال افغانستان کو پاکستان کے لیے مفید قرار دیا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.