راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹر میں ہوئی جس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور فورم نے پاکستان کے امن، استحکام کے لیے شہدائےافواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورم نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں قربانیوں کوبھی خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کوخطےکی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز، بڑھتے خطرات کےجواب میں آپریشنل حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی جبکہ فورم نے ملک خصوصاً بلوچستان، خیبر پختونخوا میں سرگرم ملک دشمن قوتوں کے تدارک، منفی اور تخریبی عناصر، ان کے پاکستان مخالف اندرونی وبیرونی سہولت کاروں کی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے کہاکہ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے لازم ہے اور کوئی بھی فرد احتساب کے عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا، پاک فوج غیرمتزلزل عزم سے مضبوط، کڑے احتساب سے اپنی اقدارکی پاسداری کرتی ہے۔
فورم نے مزید کہا کہ احتساب میں کسی قسم کی جانبداری، استثنیٰ کی گنجائش نہیں ہوتی، کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہوسکتا۔
فورم نے قرار دیا کہ پاک فوج عوام کی غیرمتزلزل حمایت سے انسداد دہشتگردی کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دے گی، فوج منظم ادارہ ہے، اس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت، وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مضبوط اور مؤثرقانونی نظام کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہاکہ پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں، جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف قانونی کارروائی میں تعاون کرتی رہے گی، پاک فوج حکومت، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
فورم نے دہشتگرد نیٹ ورکس کی غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہاریکجہتی کیا اور تحریک آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور فورم نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت، نسل کشی کی بھی شدید مذمت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کور کمانڈرز کانفرنس نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور پیشہ ورانہ مہارت کےحصول میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔