اسلام آباد (نیوز ڈیسک) احتساب عدالت نے نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ منسوخ کردیے۔
فلیگ شپ، العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں عدم پیشی پر احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ جاری کیے تھے۔
گزشتہ ہفتے احتساب عدالت میں 3 ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جمعرات کو درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ منسوخ کردیے۔
اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران حسین نواز نے کہا کہ میرا اور حسن نواز کا کسی حکومت سے تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستانی شہری نہیں ہوں، میں پاکستانی شہری ہوں لیکن جو ہمارے ساتھ ہوا وہ سب آپ کے سامنے ہے۔
حسین نواز کا کہنا تھا کہ اکتوبر 1999 کو سیاسی انتقام لینا شروع کیا گیا اور بغیر کسی کیس کے جلاوطن کردیا گیا، ہر شخص کو شفاف ٹرائل ملنا چاہیے، مانتا ہوں کہ عدالتی اصلاحات ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ 2روز قبل نواز شریف کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز لندن سےلاہور پہنچے تھے۔