You are currently viewing احتساب عدالت: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبی معائنے کی درخواستیں منظور

احتساب عدالت: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبی معائنے کی درخواستیں منظور

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبی معائنے کی درخواستیں منظور کرلیں۔
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کا اینڈو اسکوپی ٹیسٹ نجی اسپتال سے 2 روز میں کروایا جائے، اینڈو اسکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کی زیر نگرانی کروایا جائے۔
علاوہ ازیں جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواریں فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھے گی۔
وکلا صفائی کی جانب سے دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر کی گئی جس پر فاضل جج نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلا لیا، عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی بھی روسٹرم پر آگئے۔
صحافیوں نے بتایا کہ عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں جس پر جج ناصر جاوید رانا نے جیل انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کر دی۔
بعدازاں احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.