نئی دہلی (ڈیسک) نئی دہلی کی عدالت عالیہ نے بھارتی سپر اسٹار امیتابھ بچن کا نام، تصویر اور آواز ان کی اجازت کے بغیر استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ کے وکیل کی جانب سے عدالت میں استدعا کی گئی تھی کہ میگا اسٹار کی اجازت کے بغیر لوگ ان کی آواز، تصاویر اور نام اپنے پروڈکٹس کے تشہیر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ کچھ لوگ ٹی شرٹس پر ان کی تصاویر لگا کر اپنے بزنس کی بڑھوتری کرنے میں لگے ہیں، میرے موکل ایک انڈیا کے بڑے اسٹار ہیں، ایسا کرنے سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
درخواست پر عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ امیتابھ بچن ایک سپر اسٹار ہیں اور ان کی اجازت کے بغیر ان سے متعلق کوئی چیز استعمال کرنا جرم ہے۔
انٹلیکچوئل رائٹس ایکٹ کے تحت کوئی فرد یا ادارہ ایسا کر کے جرم کا ارتکاب کرتا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے امیتابھ بچن کے نام، تصاویر اور آواز کا استعمال ممنوع قرار دے دیا۔
