ابوظہبی(ڈیسک) تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لاٹہم نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 35 رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد راس ٹیلر بھی 2 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے نصف سنچری مکمل کی اور 63 رنز بنائے تاہم کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 153 رنز پر پویلین ٹوٹ گئی ۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، محمد عباس2، حسن علی 2 ، حارث سہیل 2 اور بلال آصف نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
رواں سال قومی ٹیم کی کارکردگی مثبت رہی، آئرلینڈ کو واحد میچ میں شکست دی، انگلینڈ میں سیریز 1-1 سے برابر کی جب کہ یو اے ای میں آسٹریلیا پر 1-0 سے برتری حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 3-0 سے فتح حاصل کی تھی جب کہ ون ڈے سیریز بارش ہوجانے کے باعث 1-1 سے برابر رہی۔