You are currently viewing آپریشن مرگ برسرمچار کے ذریعے پاکستان کا ایران میں دہشتگردوں کو جواب

آپریشن مرگ برسرمچار کے ذریعے پاکستان کا ایران میں دہشتگردوں کو جواب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے آپریشن مرگ بر سرمچار کے ذریعے ایران میں دہشت گردوں کو کرارا جواب دے دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے آج صبح سویرے ایران کے صوبے سیستان میں دہشت گردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانا بنایا ہے۔
پاکستان کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو آپریشن مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سیستان میں انٹیلی جنس بیسڈ پاکستانی آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سنگین خدشات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے، آج کی کارروائی کا واحد مقصد پاکستان کی اپنی سلامتی اور قومی مفاد کا حصول تھا، پاکستان کی سلامتی اور قومی مفاد کےحصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان چند سال سے ایران سے رابطوں میں بار بار دہشت گردوں کے بارے میں آگاہ کرتا رہا ہے، دہشت گرد ایران کے حکومتی عمل داری سے محروم علاقوں میں مقیم تھے۔
ترجمان کے مطابق کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کا غیر متزلزل عزم ہے، پاکستان کئی سال سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کرتا رہا ہے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ یہ کارروائی اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، اس پیچیدہ آپریشن کی کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کو برقرار رکھتا ہے، یو این چارٹر اصولوں میں رکن ممالک کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کبھی اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا، ایران برادر ملک ہے اور پاکستانی عوام ایرانی عوام کے لیے عزت اور محبت رکھتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سمیت مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیشہ بات چیت اور تعاون پر زور دیا، آئندہ بھی مشترکہ حل تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.