لاہور (ڈیسک) حکومت پنجاب نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لے لیا، فلور ملز کا یومیہ کوٹہ دگنا کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پنجاب کی فلور ملز کے یومیہ گندم کی فراہمی کا کوٹہ دگنا کر دیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے میں آٹے کے سیل پوائنٹ کو بھی ڈبل کر دیا گیا ہے جہاں 10کلو گرام سستے آٹے کے 18لاکھ 40ہزار بیگ روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کی فلور ملز کو ان کی طلب سے زیادہ گندم فراہم کی جا رہی ہے تا کہ مارکیٹوں میں نجی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی آ سکے، صوبائی و ضلعی سطح پر عوام کو مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ صوبے میں احساس پروگرام جاری ہے جس کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دی جا رہی ہے، ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کے لئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شامل ہوا جا سکتا ہے۔
