لاس اینجلس (ڈیسک)فلمی دنیا کا سب سے بڑا آسکر ایوارڈ پہلی بار ایسی فلم نے جیت لیا جو سنیما کی بجائے ایک سٹریمنگ سروس پر ریلیز ہوئی تھی۔
خیال کیا جارہا تھا کہ نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی فلم” دی پاور آف دی ڈاگ” بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرے گی مگر غیر متوقع طور پر یہ اعزاز ایپل ٹی وی پلس پر ریلیز ہونے والی فلم “کوڈا “نے اپنے نام کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔94 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں قوت سماعت سے محروم ماں باپ اور بھائی جبکہ سننے کی صلاحیت رکھنے والی بیٹی/ بہن کے درمیان تعلقات کے گرد گھومتی فلم “کوڈا “نے بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیتا، لیڈی گاگا اور لیزا منیلی نے فلم کو ایوارڈ پیش کیا۔ اس فلم کو 3 شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا اور اس نے تینوں کو اپنے نام کیا۔بہترین فلم کے ساتھ ساتھ بہترین اڈاپٹڈ سکرین پلے اور بہترین معاون اداکار (ٹروئے کوٹسر) کے ایوارڈز اس فلم نے جیتے۔ مگر سب سے زیادہ ایوارڈز سائنس فکشن فلم “ڈیون” نے اپنے نام کیے جو کہ اسے ٹیکنیکل کیٹیگریز جیسے سانڈ، سکور اور ایڈیٹنگ پر ملے۔امریکی اداکار ول سمتھ نے ٹینس بائیوپک کنگ رچرڈ جبکہ جیسیکا چیسٹین نے دی آئیز آف ٹیمی فائیمیں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا۔ لاس اینجلس میں منعقدہ تقریب میں ول سمتھ نے ٹینس بائیوپک کنگ رچرڈ میں وینس اور سرینا ولیمز کے والد رچرڈ کا کردار نبھانے کے لیے بہترین اداکار کا آسکر جیت لیا ہے۔ سمتھ نے جیویر بارڈیم (بیئنگ دی ریکارڈوس)، بینیڈکٹ کمبر بیچ (دی پاور آف دی ڈاگ)، اینڈریو گارفیلڈ (ٹک، ٹک..بوم!) اور ڈینزل واشنگٹن (دا ٹریجڈی آف میکبیتھ) کو شکست دی ہے۔جیسیکا چیسٹین نے بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا ہے، انہیں یہ انعام دی آئز آف ٹیمی فائے میں ایک امریکی ٹیلی ویژنلسٹ کا کردار نبھانے پر دیا گیا ہے۔