کراچی (ڈیسک) نقیب اللہ محسود قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت سے بری ہونے والے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے آج اللہ اور جج نے انصاف کیا۔
راؤ انوار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک جھوٹے کیس کا انجام ہو گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کیس میں میرے ساتھ نا انصاف ہوئی ، ان کا کہنا تھا پولیس مقابلے میں جس کو گولی لگی وہ ایک اشتہاری ملزم تھا جس کا نام نسیم اللہ تھا لیکن اس کا غلط فوٹو میڈیا پر چلوایا گیا۔ ان کا کہنا تھا اس جھوٹے کیس میں 25 لوگوں کو نامزد کیا گیا، میرے ساتھ اور کراچی شہر کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی، لیکن آج اللہ نے اور جج نے میرے ساتھ انصاف کیا۔ سابق ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا اس کیس کے حوالے سے میں ٹی وی چینلز پر ٹاک شوز کروں گا اور انٹر ویوز بھی دوں گا، میں نے کراچی کی بہت خدمت کی، بہت سارے ظالموں سے اس شہر کو نجات دلائی ہے، جب تک جان میں جان ہے اپنا کام جاری رکھوں گا۔
