اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائم مقام صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے آئینی بل کے حق میں ووٹ دینے پر سینیٹر قاسم رونجھو اور نسیمہ احسان شاہ کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا کیونکہ دونوں سینیٹرز نے پارٹی حکمت عملی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نام نہاد آئینی بل کے حق میں ووٹ دیا۔
انھوں نے اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو سہولت فراہم کی جبکہ بلوچستان کے لوگوں کو دھوکہ دیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ مذکورہ دونوں سینیٹرز نے سردار عطا اللہ خان مینگل کے نظریے سے غداری کی اور ذاتی مفادات کے لیے اپنے ووٹ بیچے، ان کا بی این پی کے ساتھ آج سے کوئی تعلق نہیں، پارٹی ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرے گی ۔